حضرت علی ہجویری کا 983 واں عرس، لاہور پولیس دوسرے روز بھی ہائی الرٹ، سیکورٹی کے خصوصی انتظامات

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983ویں سالانہ عرس کے دوسرے روز لاہور پولیس نے شہر بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھتے ہوئے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے آنے والے زائرین کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کے افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔

سی سی پی او کے مطابق داتا دربار اور اس کے اطراف واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، الیکٹرک بیریئرز اور دیگر جدید سکیورٹی آلات نصب کیے گئے ہیں تاکہ ہر آنے والے زائر کی مؤثر چیکنگ یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے خصوصی ہدایت جاری کی ہے کہ داتا دربار آنے والی خواتین، بچوں اور بزرگ زائرین کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان کی سہولت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

بلال صدیق کمیانہ نے سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ دربار انتظامیہ اور عرس کے منتظمین سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت کی کہ داتا صاحب کمپلیکس اور ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی ہر صورت برقرار رکھی جائے تاکہ زائرین کو آمد و رفت میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سی سی پی او لاہور کے مطابق شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی ہے، جہاں سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے۔ مزید برآں حضرت داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس اور چہلم حضرت امام حسینؑ کے پیش نظر لاہور بھر میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز بھی جاری رکھے گئے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے اور زائرین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے