لاہور (پنجاب پوسٹ) محکمہ داخلہ پنجاب نے چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب بھر میں چہلم کے موقع پر 869 مجالس اور 494 جلوس منعقد ہوں گے، جن کی سکیورٹی کے لیے پاک فوج اور رینجرز کی خدمات طلب کر لی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاک فوج اور رینجرز کے دستے پولیس کے شانہ بشانہ سکیورٹی فرائض انجام دیں گے، جبکہ چہلم حضرت امام حسین اور عرس حضرت سید علی بن عثمان ہجویری کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر خدمات سرانجام دیں گے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب کے 18 اضلاع میں فوج اور رینجرز کی مجموعی 43 کمپنیاں تعینات کی جائیں گی، جن میں 15 کمپنیاں پاک فوج اور 28 کمپنیاں رینجرز کی شامل ہیں۔
فوج اور رینجرز کے دستے لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، پاکپتن، ڈیرہ غازی خان، لیہ، بہاولپور اور رحیم یار خان میں تعینات ہوں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ وفاقی وزارت داخلہ کو پنجاب پولیس کی درخواست پر سکیورٹی انتظامات میں معاونت کے لیے مراسلہ ارسال کیا گیا تھا، جس کے بعد فوج اور رینجرز کی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔













