لاہور کے علاقے کاہنہ میں مبینہ طور پر نشے کے لیے رقم نہ ملنے پر ایک شخص نے اپنی بیوی اور تین بیٹیوں کو چھریوں کے وار کرکے زخمی کر دیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر کاہنہ پولیس نے 15 ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی کال پر فوری رسپانس کرتے ہوئے ملزم عرفان کو گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں : چونیاں میں آئس نشے کا بڑھتا ہوا رجحان، لڑکوں کے بعد لڑکیاں بھی لت میں مبتلا
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزم نے اپنی بیوی سے نشے کے لیے رقم طلب کی، انکار پر طیش میں آکر اس نے بیوی اور تین بیٹیوں پر چھری سے حملہ کیا۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں ملزم کی اہلیہ فوزیہ، 18 سالہ کبیرہ، 15 سالہ کنزہ اور 12 سالہ عالیہ شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کا کہنا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : تعلیمی اداروں میں ‘ویپ کلچر’، ویب کی ڈیمانڈ میں 20 فیصد اضافہ، روک تھام کیسے ممکن ہے؟











