جشنِ آزادی،ون ویلنگ اور موٹر سائیکل کے سائلنسر میں تبدیلی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

لاہور (پنجاب پوسٹ) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی خصوصی ہدایت پر شہر بھر میں موٹر مکینکس کو وارننگ نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ موٹر سائیکل مارکیٹوں میں دکانداروں اور مکینکس کو خصوصی آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ موٹر مکینکس ایسی کسی بھی غیر قانونی تبدیلی سے گریز کریں جو ون ویلنگ، تیز رفتاری یا غیر معمولی شور کا باعث بنتی ہو۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موٹر سائیکل کے بفل یا سائلنسر میں غیر قانونی تبدیلی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ون ویلنگ، خطرناک ڈرائیونگ یا شور پیدا کرنے والی موٹر سائیکلوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی، اور اگر کوئی موٹر سائیکل اس مقصد کے لیے تیار کی گئی پائی گئی تو متعلقہ مکینک بھی قانونی کارروائی سے نہیں بچ سکے گا۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ جشنِ آزادی کو ذمہ داری اور نظم و ضبط کے ساتھ منائیں اور ہلڑ بازی یا ون ویلنگ سے اجتناب کریں۔ انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو خطرناک ڈرائیونگ سے روکیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق یہ اقدامات جشنِ آزادی کو پُرامن اور محفوظ بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے