الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کی پروقار تقریب،یتیم بچوں کے ہمراہ کیک کاٹا گیا، جھنڈے اور بیجز تقسیم کیے گئے

لاہور (پنجاب پوسٹ) گلبرگ میں الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کی ایک پروقار تقریب الخدمت فاؤنڈیشن کے لاہور آفس میں منعقد ہوئی، جس میں یتیم بچوں اور بچیوں نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب میں سرپرست لاہور ضیاء الدین انصاری اور صدر الخدمت فاؤنڈیشن انجینئر احمد حماد رشید بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے، جبکہ سی ای او الخدمت فاؤنڈیشن لاہور مغیث قریشی، رضاکاروں اور دیگر افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

مہمانِ خصوصی نے یتیم بچوں کے ہمراہ جشنِ آزادی کا کیک کاٹا اور بچوں میں پاکستانی جھنڈے اور بیجز تقسیم کیے۔ اس موقع پر بچوں کے ساتھ مل کر پرچم کشائی کی گئی۔ بچوں نے سفید اور سبز رنگ کے لباس زیب تن کرکے اپنے حب الوطنی کے جذبے کا بھرپور اظہار کیا، جبکہ چہروں پر سبز و سفید رنگوں سے خوبصورت پینٹنگز بھی بنوائیں۔

تقریب کے دوران بچوں نے ملی نغمے اور خاکے پیش کیے، جس نے شرکاء کے دل موہ لیے اور قومی جذبہ مزید اجاگر کیا۔ اس موقع پر سرپرست لاہور ضیاء الدین انصاری نے قیامِ پاکستان کے مقاصد اور نظریہ پاکستان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست ہمیں ہمارے اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں ملک کی سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن انجینئر احمد حماد رشید نے کہا کہ پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن یتیم بچوں کی کفالت اور انہیں بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لیے گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔

ضیاء الدین انصاری نے کہا کہ بے سہارا یتیم بچوں کے ساتھ جشنِ آزادی منانے کا مقصد انہیں خوشیاں فراہم کرنا اور انہیں قومی دھارے کا حصہ بنانا ہے۔

تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے