لاہور (پنجاب پوسٹ) گرین بس سروس میں موبائل چوری کا ایسا منفرد واقعہ سامنے آیا جس نے سب کو حیران کر دیا۔ ایک مسافر کا موبائل فون چوری ہوا تو ڈرائیور نے فوری طور پر ایسا فیصلہ کیا کہ مبینہ چور کے فرار کے تمام راستے بند ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: صوبائی وزیر عظمی بخاری کی ویڈیو لنک پر بیان قلمبند کروانے کی درخواست مسترد
ذرائع کے مطابق رینالہ خورد میں گرین بس سروس کے دوران ایک مسافر نے موبائل فون چوری ہونے کی اطلاع ڈرائیور کو دی۔ ڈرائیور نے کسی مسافر کو بس سے اترنے دینے کے بجائے پوری بس ہی تھانے پہنچا دی۔
بس کے تھانہ صدر رینالہ خورد پہنچتے ہی پولیس کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ پولیس نے بس کی تلاشی لی تو مبینہ چور مسافروں کے درمیان ہی موجود نکلا۔ تلاشی کے دوران مبینہ طور پر چوری شدہ موبائل فون بھی برآمد کرلیا گیا۔
پولیس نے مبینہ ملزم کو حراست میں لے کر کارروائی شروع کردی، جبکہ موبائل فون اس کے اصل مالک کے حوالے کردیا گیا۔
ڈرائیور کی بروقت حاضر دماغی نے نہ صرف مبینہ چور کو فرار ہونے سے روکا بلکہ چوری شدہ موبائل بھی چند ہی لمحوں میں برآمد ہوگیا۔












