الخدمت فاونڈیشن کا خصوصی بچوں کا 7 ہفتوں کا سمر کیمپ مکمل، 50 سے زائد بچوں کیلئے اسپیشل پروٹوکول

لاہور(پنجاب پوسٹ) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے اسپیشل ایبلٹی کلب کے زیر اہتمام خصوصی بچوں کا سات ہفتوں پر محیط سمر کیمپ اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب میں 50 سے زائد خصوصی بچوں سمیت تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں سے وابستہ شخصیات، والدین اور رضاکاروں نے شرکت کی۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور سوشل ویلفیئر کمپلیکس کے اشتراک سے منعقدہ سمر کیمپ میں ذہنی و جسمانی معذوری کے حامل بچوں نے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

سات ہفتوں کے دوران بچوں کی ذہنی، جسمانی، تعلیمی اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں، آرٹس اینڈ کرافٹس، کھیلوں، سوئمنگ اور دیگر تفریحی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔

کیمپ میں جسمانی معذوری کے حامل بچوں کے لیے ماہر فزیوتھراپسٹس کی زیر نگرانی فزیوتھراپی سیشنز جبکہ قوتِ گویائی میں بہتری کے لیے اسپیچ تھراپی سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔ والدین کے لیے ماہرینِ غذائیت کے خصوصی آگاہی سیشنز کا بھی اہتمام کیا گیا۔

کیمپ کے شرکاء کو پنجاب اسپورٹس بورڈ میں منعقدہ اسپیشل اولمپکس پاکستان نیشنل گیمز کا مطالعاتی دورہ بھی کرایا گیا، جس کا مقصد بچوں میں خود اعتمادی اور سماجی شمولیت کو فروغ دینا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان صائمہ شبیر نے کہا کہ خصوصی بچوں کی بحالی صرف طبی سہولیات تک محدود نہیں، بلکہ تعلیم، نفسیاتی معاونت، سماجی شمولیت اور والدین کی رہنمائی بھی ضروری ہے۔

صدر پاکستان انٹرنیشنل بزنس فورم ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے خصوصی افراد کو مساوی مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کاروباری برادری اور مخیر حضرات پر زور دیا کہ خصوصی افراد کے لیے تعلیم، تربیت، ہنرمندی اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔

صوبائی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ لبنیٰ جبین نے خصوصی بچوں کی تعلیم، بحالی اور سماجی شمولیت کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ خصوصی افراد کو معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا حکومت اور سماجی اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے