لودھراں (پنجاب پوسٹ) کہروڑ پکا میں تین شہریوں کو زخمی کرنے والے نامعلوم کتے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ درخواست گزار عبد الستار نے تھانہ صدر کہروڑ پکا میں دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ 29 جولائی کو شام تقریباً چار سے پانچ بجے کے درمیان وہ اپنے گھر کے باہر موجود تھا کہ اسی دوران سرخ رنگ کا ایک نامعلوم کتا وہاں آ گیا۔
اس دوران اس کی ہمسائی نیاز بی بی اپنے گھر سے باہر آئیں تو کتے نے ان پر حملہ کر دیا۔ درخواست کے مطابق نیاز بی بی کو بچانے کے لیے عبد الستار اور علی رضا آگے بڑھے تو کتے نے انہیں بھی کاٹ لیا۔ عبد الستار کے چہرے، کان اور ہاتھ پر زخم آئے، جبکہ علی رضا کے کندھے پر زخم آئے۔حملے کے دوران نیاز بی بی کا اوپری ہونٹ بھی شدید زخمی ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں بھکاری مافیا کی شامت آگئی، حکومت پنجاب کا بڑا منصوبہ تیار
درخواست میں کہا گیا کہ شور شرابے پر اہل علاقہ جمع ہو گئے اور کتے کو پکڑنے کی کوشش کی، تاہم وہ فرار ہو گیا۔ بعد ازاں زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال لے جایا گیا، جہاں انہیں ویکسین لگائی گئی۔ پولیس نے درخواست کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے نامعلوم کتے کی تلاش اور اسے تلف کرنے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔














