گوجرانوالہ: عوامی کمیٹیز کنونشن سے امیر جماعت اسلامی کا خطاب

گوجرانوالہ میں عوامی کمیٹیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ دیگر سیاسی جماعتوں اور جماعت اسلامی کے درمیان واضح فرق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور جھوٹ، فریب، گالی اور گولی کی سیاست نہیں کرتی، جبکہ دیگر جماعتیں دھوکے اور فریب سے کام لیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مزدور، طلبہ اور تنخواہ دار طبقہ حکومت کو اربوں روپے ٹیکس دیتا ہے، مگر وزرا اور بیوروکریسی عیاشیوں میں مصروف ہیں، جس نظام میں ترقی ممکن نہیں۔ حافظ نعیم الرحمان کے مطابق وزرا اور افسران مہنگی اور بڑی گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں جبکہ غریب عوام پر پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کا عالمی سطح پر نمایاں ہونا قابل تحسین ہے، تاہم حکمرانوں کو عوام کے مسائل کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرول پر اسی روپے فی لیٹر لیوی وصول کی جا رہی ہے، جسے فوری طور پر ختم کر کے پٹرول کی قیمت میں کمی کی جائے۔

انہوں نے زراعت کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ستر فیصد آبادی زراعت سے وابستہ ہے جو شدید مشکلات کا شکار ہے۔ حکومت نے گندم کی قیمت انتالیس سو روپے مقرر کی لیکن بعد میں اس سے پیچھے ہٹ گئی، جس کے باعث کسانوں کو مجبورا اکیس سو روپے من کے حساب سے گندم فروخت کرنا پڑی۔ ان کے مطابق کھاد، یوریا اور زرعی ادویات کی قیمتیں بھی بہت زیادہ بڑھا دی گئی ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں سے حکومتی اشتہارات چلائے جا رہے ہیں اور صحت کے بنیادی مراکز اور اسکولوں کی نجکاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے انصاف کے نظام کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عدالتوں میں آج بھی لاکھوں مقدمات زیر التوا ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومتیں بلدیاتی انتخابات سے گریز کر رہی ہیں، جو جمہوری عمل کے لیے نقصان دہ ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے