امیر جماعت اسلامی، حافظ نعیم الرحمان نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اور بڑی کمی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فی لیٹر پیٹرول پر 80 روپے فی لیٹر لیوی کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور کل قیمت میں 130 روپے فی لیٹر کمی کی جائے تاکہ عام شہری ریلیف محسوس کریں۔
حافظ نعیم الرحمان نے پاکستان کی جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ خلیجی ریاستوں اور ایران کے درمیان حالات کو بہتر بنانے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کے تحمل اور مثبت کردار کو بھی قابل تعریف قرار دیا۔
مزید پڑھیں: ایران کے خلاف جنگ میں امریکہ عملی طور پر شکست کھا چکا: حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن پراجیکٹ کو فوری مکمل کیا جائے اور پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے میں ایران اور ترکیے کو شامل کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق پاکستان کا کردار اب بہت اہم ہوگیا ہے اور ملک کو سب کے ساتھ مستحکم تعلقات قائم رکھ کر باہمی تجارتی تعاون کو فروغ دینا چاہیے، ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کا عمل شروع کیا جائے اور خلیجی ممالک و ایران کے ساتھ آزاد تجارت کے ذریعے ملکی گیس و پیٹرول کی ضروریات پوری کی جائیں۔








