لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امریکہ سے آئے اعلیٰ سطح کے کاروباری وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور جدت کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو تیز، شفاف اور کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے امریکی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صحت، مصنوعی ذہانت (AI)، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں کی پنجاب آمد امریکی سرمایہ کاروں کے بحال شدہ اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کو سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور نجی شعبے کے باہمی تعاون کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب پاکستان کی معیشت کا انجن ہے، جو قومی جی ڈی پی میں 55.7 فیصد، زرعی شعبے میں 57.5 فیصد، مینوفیکچرنگ میں 48 فیصد اور سروسز میں 57.4 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی 65 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، جو ملک کی سب سے بڑی معاشی طاقت ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبے میں 20 اسپیشل اکنامک زونز، دو ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اور سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو سہولت موجود ہے، جبکہ "زیرو ٹائم ٹو اسٹارٹ” پالیسی کے تحت سرمایہ کار این او سیز اور دیگر رسمی کارروائیاں مکمل ہونے سے قبل بھی اپنا کاروبار شروع کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (RUDA)، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (CBD)، نواز شریف میڈیکل سٹی، ایگرو پروسیسنگ پارکس، ان لینڈ شرمپ فارمنگ، الیکٹرک موبلٹی، "اپنی چھت اپنا گھر” اور "ستھرا پنجاب” سمیت متعدد میگا منصوبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حکومت کے تین سالہ معاشی تبدیلی کے منصوبے PIVOT کے تحت صنعت، زراعت، لائیو اسٹاک، ایکوا کلچر، سیاحت، مہارتوں اور آئی ٹی کے شعبوں میں مجموعی طور پر 7.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متحرک کی جا رہی ہے، جس میں 3.9 ارب ڈالر سرکاری جبکہ 3.2 ارب ڈالر نجی شعبے کی سرمایہ کاری شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی قائم کی گئی ہے، جبکہ نواز شریف آئی ٹی سٹی اور جدید ٹیکنالوجی پروگراموں کے ذریعے آئندہ برسوں میں 15 لاکھ فرنٹیئر ٹیک گریجویٹس تیار کیے جائیں گے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جہاں چنیوٹ میں خام لوہے اور تانبے کے بڑے ذخائر، پنک سالٹ، پلیسر گولڈ اور دیگر معدنیات سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو پنجاب اسٹارٹ اپ فنڈ اور مختلف ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب ہر منصوبے پر تیز رفتار عمل درآمد اور مکمل سہولت فراہم کرے گی۔













