لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے 30 رکنی امریکی کاروباری وفد نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون اور پائیدار تجارتی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے امریکی بزنس وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ وفد میں میڈیکل، منرلز، مینوفیکچرنگ، آئی ٹی، انڈسٹری، ہاسپیٹلٹی، انرجی، الیکٹرانکس اور مارکیٹنگ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف کاروباری شخصیات شامل تھیں۔
ملاقات کے دوران امریکی وفد کو پنجاب حکومت کے PIVOT پروگرام اور کاروباری آسانی کے لیے متعارف کرائی گئی اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دونوں جانب سے پنجاب اور امریکہ کے درمیان سرمایہ کاری بڑھانے، اقتصادی روابط مضبوط بنانے اور نئے تجارتی مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
امریکی کاروباری وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو امریکہ آنے کی دعوت دی، جس پر وزیراعلیٰ نے آمادگی کا اظہار کیا۔
وفد نے وزیراعلیٰ کی جانب سے شروع کیے گئے "ستھرا پنجاب” پروگرام کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے پنجاب میں ہونے والی ترقی اور حکومتی اقدامات کو سراہا۔ امریکی سرمایہ کاروں نے کہا کہ پنجاب میں جو پیش رفت دیکھی، اس سے وہ بے حد متاثر ہوئے ہیں اور پاکستان سرمایہ کاری کے لیے بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہوم ڈائلیسز مشین کے منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ امریکی وفد نے شریمپ فارمنگ کے شعبے میں تعاون کی خواہش بھی ظاہر کی۔
اجلاس میں سیکرٹری SIFC جمیل قریشی نے وفد سے متعلق بریفنگ دی۔ امریکی وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان کاروبار کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، پنجاب حکومت نے بہترین مہمان نوازی اور شاندار تعاون فراہم کیا، جبکہ پاکستان کی نوجوان آبادی اس کی سب سے بڑی طاقت ہے جس سے مؤثر انداز میں فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔













