لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر میں متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، ملتان سمیت مختلف اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ راولپنڈی میں گزشتہ دو گھنٹوں کے دوران 80 ملی میٹر بارش ہوئی۔ کچہری چوک کے علاقے میں 103 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود صورتحال کی نگرانی کر رہی ہیں، جبکہ صوبائی کنٹرول روم اور تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق کنٹرول روم میں صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے۔ ریسکیو 1122، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو مشینری اور عملے سمیت الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے نشیبی علاقوں اور چوکنگ پوائنٹس سے بارشی پانی کی جلد نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ شہریوں کو بجلی کے کھمبوں، لٹکتی تاروں، کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو بچوں کا خاص خیال رکھنے اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب نہ جانے دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ہنگامی صورتحال میں شہری مدد کے لیے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں













