لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر ملاوٹ مافیا کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بادامی باغ، لبرٹی اور مضافاتی علاقوں میں 19 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کی، جس کے دوران 2 یونٹس بند جبکہ 17 کو مجموعی طور پر 4 لاکھ 39 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے مطابق دودھ کا سیمپل فیل ہونے پر ایک ملک شاپ کو بند کردیا گیا۔ کارروائی کے دوران دودھ میں پانی، ویجیٹیبل گھی، پاؤڈر اور ممنوعہ اجزاء کی ملاوٹ پائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ سابقہ ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے پر ایک معروف ریسٹورنٹ بھی بند کیا گیا۔ ریسٹورنٹ میں ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس سمیت دیگر لازمی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ یونٹس کے پروسیسنگ ایریا میں صفائی کے ناقص انتظامات، چوہوں اور حشرات کی بھرمار پائی گئی، جبکہ تعفن زدہ ماحول اور واشنگ کا نامناسب انتظام بھی موجود تھا۔
کارروائی کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کھلی نالیاں، زنگ آلود مشینری اور گندے فرش بھی پائے گئے۔
راجہ منصور احمد کا کہنا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی معیاری خوراک کی فراہمی اور ملاوٹ مافیا کی سرکوبی کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خوراک کا کاروبار کرنے کے لیے قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے، عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔













