خانیوال(پنجاب پوسٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بچوں کے لیے جعلی پاپڑ اور ناقص بیکری آئٹمز تیار کرنے والوں کے خلاف خانیوال میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک سنیکس یونٹ اور بیکری کی پروڈکشن بند کر دی۔ کارروائی ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایت پر کی گئی۔
ترجمان کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے شاہین ٹاؤن خانیوال میں کارروائی کے دوران 60 کلو جعلی پاپڑ، جعلی پیکنگ میٹریل، 30 لیٹر کھلا آئل اور 10 کلو ممنوعہ اجزاء تلف کر دیے۔ معائنہ کے دوران پاپڑوں کی پیکنگ پر غلط معلومات درج ہونے، کھلے آئل اور غیر معیاری مصالحہ جات کے استعمال سمیت خراب اور غیر معیاری انڈوں کی زردی سے بیکری مصنوعات تیار کیے جانے کا انکشاف ہوا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دونوں فوڈ پروڈکشن یونٹس کو اصلاح تک بند کرتے ہوئے فوڈ بزنس مالکان کے خلاف مقدمات بھی درج کرا دیے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کا کہنا ہے کہ خوراک کے نام پر غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی













