لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی شیخوپورہ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر احسن رضوی،ملک عمران کھوکھر، صدر پی پی شیخوپورہ آصف خان، جنرل سیکرٹری عمران صابر ڈوگر،ارمغان خالد سعید منج نے بھی ان کے ہمراہ شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے بتایا کہ چاول کی فصلیں ، مویشیوں کا چارہ سینکڑوں ایکڑ پر تباہ ہو چکا ہے۔سید حسن مرتضی نے ونڈالہ ناصر خان،قلعہ ستار شاہ قیام پور، ملیاں، خوشحال پورہ،چک سنہری،ہریالی ورکاں،عباس نگر ، غازی کوٹ اور کوٹ پنڈی داس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا۔
سید حسن مرتضیٰ نے محکموں کی غفلت اور ملی بھگت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ تباہی دریا کے سیلاب سے نہیں بلکہ برساتی نالے کے ٹوٹنے سے ہوئی ہے۔ راوی کی گزرگاہیں تنگ کرنے اور ناقص منصوبہ بندی نے تباہی کو جنم دیا جس کی وجہ سے ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی ڈوب گئی۔
یہ بھی پڑھیں: زندہ باپ کو کاغذوں میں مردہ بنا دیا، لے پالک بیٹے کی جائیداد ہتھیانے کی کوشش ناکام
انہوں نے مزید الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکار کی ایک سال کی محنت چند گھنٹوں میں پانی کی نذر ہو گئی۔رائس گروئنگ ایریا کے کسان اور مویشی شدید مشکلات کا شکار ہیں اور متاثرہ علاقوں میں آج تک کوئی مؤثر سرکاری امداد نہیں پہنچی۔
سید حسن مرتضیٰ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت کو فوری طور پر سیلاب زدہ علاقوں کی امداد کا اعلان کرنا چاہیے، کاشتکار اس ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا کاشت کاروں کے زرعی قرضے فوری طور پر معاف کیے جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے،
انہوں نے مزید شکوہ کیا کہ آج بھی حکومت انتخابات میں مصروف ہے جبکہ پنجاب کے دیہات تباہی کا شکار ہیں،لاہور سے چند کلومیٹر دور عوام مشکلات میں ہیں مگر حکومت خاموش ہے، یہ قدرتی آفت سے زیادہ حکومتی نااہلی اور ناقص منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے
آخر میں سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ عیسیٰ نگری میں قبرستان اور سیوریج سسٹم کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے فوری بات کریں گے۔ انہوں نے حکومت کے ترقیاتی دعوؤں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بنیادی سہولیات کا فقدان لمحہ فکریہ ہے، حتیٰ کہ سٹیڈیم ہونے کے باوجود وہاں تک رسائی کے لیے مناسب راستہ بھی موجود نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف دعوؤں سے ترقی ممکن نہیں، شیخوپورہ شہر کے وسط میں سات سال سے انڈر پاس منصوبہ تاحال نامکمل ہے جبکہ عوام حکومت کی ناک کے نیچے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
سید حسن مرتضیٰ نے مزید کہا کہ صحت اور تعلیم کے بعد کیا اب عوام کی گزرگاہیں بھی آؤٹ سورس کی جائیں گی، شیخوپورہ بنیادی انفراسٹرکچر کے شدید بحران کا شکار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں بلکہ عوام کے ٹیکس کا حساب مانگ رہے ہیں اور پورے پنجاب کی صورتحال عوام کے سامنے لائیں گے، جبکہ ہر فورم پر کاشتکاروں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔













