لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے سیوریج اور ڈرینج لائنوں کی تنصیب کے بعد سڑکوں کی بحالی میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام اضلاع میں بحالی کے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت واسا پنجاب کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور 41 اضلاع کے ایم ڈیز نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق آگاہ کیا۔
بلال یاسین نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے باعث عوام کو طویل عرصے تک مشکلات میں مبتلا رکھنا قابل قبول نہیں۔ جہاں ڈرینج لائنوں کی تنصیب مکمل ہوچکی ہے وہاں سڑکوں کی فوری بحالی یقینی بنائی جائے۔
صوبائی وزیر نے تمام اضلاع کے ایم ڈیز سے گزشتہ مون سون سیزن کے دوران نکاسی آب میں پیش آنے والے مسائل سے متعلق مفصل رپورٹ بھی طلب کرلی۔
بلال یاسین نے ہدایت کی کہ تمام ایم ڈیز اپنے اضلاع میں جاری کاموں کی ذاتی نگرانی کریں اور متعلقہ سیاسی نمائندگان سے کوآرڈی نیشن یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے اور سڑکوں کی بحالی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
صوبائی وزیر نے ڈی جی واسا کو واضح ٹائم لائنز مرتب کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر مانیٹرنگ کا نظام وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔







