سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) تحصیل سمبڑیال کے علاقے وسن پورہ میں جائیداد ہتھیانے کے لیے زندہ باپ کا جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوانے کے الزام میں لے پالک بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، تاہم ملزم تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔
پولیس کے مطابق ریٹائرڈ مالی نبی احمد نے اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر کو درخواست دی کہ اس کے لے پالک بیٹے اعظم نے اسے زندہ ہونے کے باوجود کاغذات میں مردہ ظاہر کرتے ہوئے جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوا لیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او میاں عبدالرزاق کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا، جس پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تاہم ملزم فرار ہو گیا جبکہ پولیس اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
واقعے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر نے غفلت برتنے پر ریکارڈ کلرک عارف زکریا کو معطل کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔













