لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور حلقوں کو درپیش عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے عوامی مسائل سے آگاہ کیا، جبکہ مریم نواز شریف نے مسائل کے فوری اور مؤثر حل کی یقین دہانی کرائی۔
ارکان اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کی میرپور آزاد کشمیر میں کامیابی پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کی اور پنجاب کے 36 اضلاع میں 588 الیکٹرک بسوں کی فراہمی سمیت صاف پانی کے منصوبے کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ان کا عہد ہے کہ پنجاب کو گڈ گورننس، آئی ٹی اور ترقیاتی منصوبوں میں دیگر صوبوں سے آگے لے کر جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ستھرا پنجاب” کے بعد صاف پینے کے پانی کی فراہمی کا منصوبہ ان کے دل کے بہت قریب ہے، جبکہ جلد پنجاب کے ہر ضلع اور تحصیل میں الیکٹرک بسیں چلتی نظر آئیں گی۔
ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کے کونے کونے میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور صوبے میں امن و امان کے قیام اور جرائم پر مؤثر کنٹرول یقینی بنایا گیا ہے۔














