ننکانہ صاحب، بے زبان جانور انسانوں کے انتقام کا نشانہ، کسان سے ذاتی عناد پر چارے میں زہر ملا دیا، 11 بھینسیں ہلاک

ننکانہ صاحب ( پنجاب پوسٹ ) ننکانہ صاحب میں مبینہ زہر خورانی کے افسوسناک واقعے میں 11 بھینسیں تڑپ تڑپ کر ہلاک ہوگئیں۔ واقعہ تھانہ مانگٹانوالہ کی حدود میں پنڈ مانگٹانوالہ میں پیش آیا، جہاں حویلی میں بندھی بھینسوں کو مبینہ طور پر چارے میں زہر ملا کر کھلایا گیا۔

متاثرہ کسان قیصر شاہ کے مطابق نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر اس کے مویشیوں کو زہر دیا، جس کے نتیجے میں 11 بھینسیں ہلاک ہوگئیں۔ مویشیوں کی اچانک ہلاکت سے کسان کو لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ متاثرہ کسان نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب سے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ مبینہ زہر خورانی کا دوسرا واقعہ ہے۔ دو روز قبل بھی قیصر شاہ کے تین مویشی مبینہ زہر خورانی کے باعث ہلاک ہوئے تھے۔ یوں دو روز کے دوران مبینہ زہر خورانی سے مجموعی طور پر 14 مویشی ہلاک ہوچکے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیم بھی متحرک ہوگئی۔ ٹیم نے ہلاک ہونے والے مویشیوں کا معائنہ کیا اور مختلف نمونے حاصل کرکے مزید تجزیے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی لاہور بھجوا دیے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر خورشید عالم کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زہر خورانی کے شواہد سامنے آئے ہیں، تاہم مویشیوں کی ہلاکت کی حتمی وجہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی لاہور کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی واضح ہوگی۔

11 بھینسوں کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر علاقہ مکینوں میں بھی تشویش اور افسوس پایا جاتا ہے، جبکہ متاثرہ کسان نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے مویشیوں کی ہلاکت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے