لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب پولیس میں سابق آئی جی کے دور میں دی گئی 27 انسپکٹرز اور ساڑھے 3 ہزار کے قریب اے ایس آئیز و سب انسپکٹرز کی ترقیاں فریز کردی گئیں، پولیس حکام کے مطابق متعلقہ افسران نے ایلیٹ اورینٹیشن کورس مکمل نہیں کیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق کورس مکمل کیے بغیر ہی افسران کو ترقیاں دی گئیں، جس کے باعث اب ان افسران کی ترقیوں کو فریز کردیا گیا ہے۔ کورس کے بغیر ترقی پانے والے افسران کو ایلیٹ اورینٹیشن کورس مکمل کرنے تک کنفرمیشن، ترقیاتی کورس اور اگلے رینک میں ترقی نہیں دی جائے گی۔
حکام کے مطابق آئی جی پنجاب نے ایلیٹ کورس کی تکمیل کے بغیر ترقی پانے والے چھوٹے رینک کے ملازمین کی درخواستوں پر اسٹینڈنگ کمیٹی کو معاملے کی چھان بین کا حکم دیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ آئی جی پنجاب کی تعیناتی سے اب تک سب انسپکٹر سے انسپکٹر کی ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس گزشتہ 8 ماہ سے تاخیر کا شکار تھا۔
اسٹینڈنگ کمیٹی کی رپورٹ کے بعد انسپکٹر کی 250 سے زائد خالی سیٹوں پر ترقی کے لیے کاغذات طلب کرلیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق صرف اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی جانب سے بھجوائے گئے کاغذات قابل قبول ہوں گے۔
ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ نے تمام ریجنز سے سب انسپکٹرز کے کوائف بھی ترقی کے لیے طلب کرلیے ہیں۔














