لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب پولیس کو دو سال تک چکما دینے والا قتل و اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری لاہور کے ناکہ نیو راوی پر موبائل ایپ کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق موبائلز سکواڈ ناکہ نیو راوی نے پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر کرنے والے ایک شخص کو مشکوک جان کر حراست میں لیا اور موبائل ایپ کے ذریعے اس کا کریمنل ریکارڈ چیک کیا تو ملزم اے کیٹیگری کا اشتہاری نکلا۔
گرفتار ملزم تجمل عرف منور کے خلاف تھانہ سیدوالہ، ننکانہ صاحب میں قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے گزشتہ دو سال سے لاہور میں روپوش تھا۔
پولیس نے ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ شاہدرہ ٹاؤن کے حوالے کردیا جبکہ متعلقہ پولیس کو بھی ملزم کی گرفتاری سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
ایس پی موبائلز بلال احمد کا کہنا ہے کہ ناکہ جات پر ای پولیس پوسٹ ایپ کی مدد سے مشکوک افراد کا ریکارڈ چیک کرکے اشتہاری ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جا رہا ہے۔














