ورلڈ بینک کی پنجاب حکومت کو 375 ملین ڈالر امداد، کن شہروں کی تقدیر بدلنے والی ہے؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہر شہر تک مساوی بنیادوں پر بنیادی سہولیات پہنچانے کے مشن کے تحت پنجاب انکلوسِو سٹیز پروگرام پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ورلڈ بینک نے پروگرام کے لیے 375 ملین ڈالر کی معاونت فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

کارلو البرٹو کی قیادت میں ورلڈ بینک کے وفد نے سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل سے ملاقات کی، جس میں پنجاب انکلوسِو سٹیز پروگرام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں 16 شہروں کو شامل کیا جائے گا، جبکہ واسا کے زیر انتظام 6 شہروں میں کام کا آغاز کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں چکوال، قصور، چنیوٹ، منڈی بہاؤالدین، پاکپتن اور راجن پور سمیت دیگر شہر پروگرام کا حصہ ہوں گے۔

پنجاب انکلوسِو سٹیز پروگرام کے تحت واٹر سپلائی اور سیوریج کے نظام میں نمایاں بہتری لائی جائے گی۔ منصوبے میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، واٹر سپلائی، سٹارم واٹر مینجمنٹ اور انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینکس کی تعمیر شامل ہے۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کے اہداف واضح اور قابلِ پیمائش ہوں جبکہ ہر منصوبے کی تکمیل کے لیے مقررہ ڈیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی کڑی نگرانی کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور منصوبوں پر ٹائم لائن کے مطابق پیش رفت یقینی بنائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں مساوی بنیادوں پر ترقیاتی کام متعارف کروائے جا رہے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے