گوجرانوالہ: ایک ہی روز میں 5 پولیس مقابلے، 2 خطرناک ملزمان ہلاک، 3 گرفتار

گوجرانوالہ (پنجاب پوسٹ) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کے 5 مقابلوں کے دوران دو ریکارڈ یافتہ خطرناک ملزمان ہلاک جبکہ تین زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آئے، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر شہر بھر میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
ترجمان ضلعی پولیس کے مطابق تھانہ لدھیوالہ وڑائچ کے علاقے میں پولیس ناکے پر فائرنگ کے بعد ہونے والے مقابلے میں ہلاک ہونے والے خطرناک ڈاکو کی شناخت عامر کے نام سے ہوئی، جو ڈکیتی، راہزنی، چوری اور موٹرسائیکل چوری سمیت 25 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا اور پہلے بھی سی سی ڈی کے ساتھ پولیس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا تھا۔ ملزم کے قبضے سے چھینی گئی موٹر سائیکل، موبائل فون اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
تھانہ سول لائن کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران ریکارڈ یافتہ منشیات فروش ہارون اختر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے 12 کلوگرام چرس اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا، جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔


دوسری جانب تھانہ پیپلز کالونی کے علاقے میں قتل، اقدام قتل اور منشیات فروشی کے مقدمات میں مطلوب ملزم قیصر محمود پولیس ناکے سے فرار ہونے کی کوشش میں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جس کے قبضے سے 680 گرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
اسی طرح تھانہ اروپ کے علاقے میں راہزنی، چوری اور موٹرسائیکل چوری کے متعدد مقدمات میں مطلوب ملزم شہریار پولیس ریڈ کے دوران فرار ہونے کی کوشش میں زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جبکہ تھانہ احمد نگر پولیس نے راہزنی اور چوری کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم تناوش علی کو بھی پولیس کارروائی کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے تمام واقعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈویژنل ایس پیز سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے