لاہور(پنجاب پوسٹ) فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور زون کے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث اشتہاری سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد نواز اور محمد شاہد شامل ہیں، جنہیں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران لاہور اور شیخوپورہ سے حراست میں لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان شہریوں کو بیرون ملک ورک ویزوں کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر 7 لاکھ 77 ہزار روپے ہتھیانے میں ملوث تھے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم محمد نواز سال 2025 سے ایف آئی اے لاہور کو مطلوب تھا اور اس کے خلاف مقدمات درج تھے۔
ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ مزید انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔













