لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے عدم ادائیگی اور ٹیکس فراڈ میں ملوث اداروں کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے، جبکہ عوام کو بھی تصدیق شدہ رسید لینے کی ہدایت جاری کی گئی۔ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق لاہور سمیت مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران ایک ہوٹل اور دو دفاتر کو ٹیکس واجبات کی عدم ادائیگی پر سربمہر کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ٹیکس ادائیگی میں خردبرد ثابت ہونے اور مسلسل قوانین کی خلاف ورزیوں کے باعث عمل میں لائی گئیں۔
ترجمان کے مطابق متعدد فوڈ پوائنٹس اور ایستھیٹک کلینکس کو پی او ایس مشینوں کے استعمال نہ کرنے پر نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام سے وصول کیا گیا ٹیکس مقررہ وقت پر سرکاری خزانے میں جمع نہ کروانا قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔پی آر اے کے مطابق پی او ایس مشینوں کا استعمال نہ کرنا سیلز ریکارڈ چھپانے اور ٹیکس فراڈ میں معاون ثابت ہوتا ہے، جس سے حکومتی محصولات کو نقصان پہنچتا ہے۔ اسی لیے صوبہ بھر میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے شفاف ٹیکس نظام کو یقینی بنانے کے لیے پی او ایس مشینوں کا نفاذ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خریداری یا خدمات حاصل کرنے کے بعد صرف پنجاب ریونیو اتھارٹی کے تصدیق شدہ کیو آر کوڈ والی رسید ہی وصول کریں تاکہ ٹیکس فراڈ کی روک تھام میں معاونت کی جا سکے۔













