لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے معاملات ایک بار پھر تنازعے کا شکار ہوگئے ہیں، جہاں پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے معطل فیڈریشن نے مختلف یونٹس سے تعلق رکھنے والے 14 کھلاڑیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔
پاکستان سپورٹس بورڈ نے 2024 میں پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کو معطل کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ معطل فیڈریشن سے کسی قسم کا تعاون نہ کیا جائے۔ ویٹ لفٹنگ کے معاملات چلانے کے لیے پاکستان سپورٹس بورڈ نے تین رکنی عبوری کمیٹی بھی قائم کر رکھی ہے۔
اس صورتحال میں معطل فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے اور ان پر پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے نے اس کے اختیار اور قانونی حیثیت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
فیڈریشن کے مطابق کھلاڑیوں پر غیر منظور شدہ ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں شرکت کے باعث پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ بیشتر کھلاڑیوں پر دسمبر 2028 تک پابندی برقرار رہے گی۔ پابندی کے دوران کھلاڑی فیڈریشن کے تحت سلیکشن، نامزدگی اور قومی سطح پر نمائندگی بھی نہیں کرسکیں گے۔
متاثرہ کھلاڑیوں کو فیصلے کے خلاف 15 روز کے اندر اپیل کا حق دیا گیا ہے۔ کھلاڑیوں کا مؤقف ہے کہ پاکستان ویٹ لفٹنگ پہلے ہی بحران کا شکار ہے، ایسے میں نئی پابندیاں کھیل اور کھلاڑیوں کے مستقبل کو مزید متاثر کرسکتی ہیں۔












