لاہور (پنجاب پوسٹ) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے کنٹری ڈائریکٹر ایما فین کی قیادت میں وفد نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے ملاقات کی، جس میں پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ پروگرام (پسپ) کی تکمیل اور منصوبے کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں اے ڈی بی ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حسین حیدر، پرنسپل کنٹری اسپیشلسٹ شوکت شفیع، پراجیکٹ ڈائریکٹر عمر جاوید اور ڈپٹی پروگرام ڈائریکٹر مرزا سلمان عثمان نے شرکت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 250 ملین ڈالر کی لاگت سے ساہیوال اور سیالکوٹ میں شہری انفراسٹرکچر کے بڑے منصوبے مکمل کیے گئے۔ دونوں شہروں میں 765 کلومیٹر طویل واٹر سپلائی لائنز بچھائی گئیں جبکہ 48 ٹیوب ویلز، 9 اوور ہیڈ واٹر ٹینکس اور 17 فلٹریشن پلانٹس تعمیر کیے گئے۔
بریفنگ کے مطابق 63 ٹیوب ویلز کی بحالی سے شہریوں کو صاف پانی کی سہولت میسر آئی، جبکہ پسپ منصوبوں سے ساہیوال اور سیالکوٹ کی 5 لاکھ 97 ہزار آبادی مستفید ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ بینک کی پنجاب حکومت کو 375 ملین ڈالر امداد، کن شہروں کی تقدیر بدلنے والی ہے؟
دونوں شہروں میں 115 کلومیٹر طویل زیرِ زمین سیوریج نیٹ ورک بھی تعمیر کیا گیا جبکہ پہلی مرتبہ جدید ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس قائم کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے 60 ملین گیلن پانی صاف کرنے کی سہولت دستیاب ہوگی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایک ارب روپے کی لاگت سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ضروری مشینری فراہم کی گئی جبکہ دونوں شہروں میں 7 نئے پارکس بھی تعمیر کیے گئے۔ سیالکوٹ میں ایک کلومیٹر طویل اوور ہیڈ برج اور ساہیوال میں 8.25 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و بحالی مکمل کی گئی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 3 ارب روپے سے زائد لاگت سے اسٹیٹ آف دی آرٹ لوکل گورنمنٹ اکیڈمی بھی تعمیر کی گئی ہے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے پسپ کی تکمیل میں اے ڈی بی کے تعاون اور رہنمائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مکمل منصوبوں کے مثبت نتائج عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق مکمل کیے گئے منصوبوں کو پائیدار رکھنا ضروری ہے۔













