لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے داتا دربار اور بھاٹی چوک انڈر پاس کا دورہ کیا، جہاں چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھاٹی چوک انڈر پاس کے تعمیراتی کام مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ بیوٹیفکیشن کا کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ انڈر پاس کی لین مارکنگ مکمل کرلی گئی ہے اور بیرل پر بیوٹیفکیشن کا کام جاری ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے انڈر پاس کے اطراف سائینج اور گرینری کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ حکام کے مطابق انڈر پاس کے اطراف سروس روڈز پر اسفالٹ مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ سروس روڈز کے ساتھ فٹ پاتھ کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے۔
داتا دربار کے سامنے پیڈسٹرین انڈر پاس کے داخلی راستوں پر فنشنگ کا کام بھی آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے منصوبے کے تمام سیکشنز کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈی جی ایل ڈی اے نے دربار کے اطراف مزدوروں کے بیٹھنے کے لیے ’’گوشہ مزدور‘‘ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بھاٹی چوک سے سرکلر روڈ کی جانب جانے والی سڑک پر اسفالٹ کا کام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔












