پنجاب سیف سٹی ‘میرا پیارا’ کی ایک اور بڑی کامیابی، 40 سال سے بچھڑی بنگلہ دیشی خاتون حلیمہ کے اہلِ خانہ تلاش کر لیے

لاہور (پنجاب پوسٹ):پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے پراجیکٹ ‘میرا پیارا’ نے انسانی خدمت کی ایک اور قابلِ ذکر مثال قائم کرتے ہوئے گزشتہ 40 سال سے بچھڑی بنگلہ دیشی خاتون حلیمہ کے اہلِ خانہ کو تلاش کر لیا۔ سیف سٹی ٹیم کی مسلسل کوششوں اور جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے حلیمہ کے بیٹے اور بھتیجے تک رسائی ممکن ہوئی، جس سے سرحدوں سے بالاتر ہو کر بچھڑے افراد کو ان کے پیاروں سے ملانے کے مشن میں ایک اور اہم کامیابی حاصل ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والی حلیمہ 2013ء میں اسلام آباد میں لاوارث حالت میں ملی تھیں۔ اردو زبان سے ناواقفیت کے باعث وہ اپنی شناخت اور اہلِ خانہ کے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنے سے قاصر تھیں، جس کے بعد انہیں عارضی پناہ کے لیے ایدھی سینٹر منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ کئی سال سے مقیم تھیں۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ‘میرا پیارا’ ٹیم نے حلیمہ کی فراہم کردہ محدود معلومات، آبائی گاؤں اور اہلِ خانہ کے ناموں کی مدد سے تلاش کا آغاز کیا۔ ٹیم نے سوشل میڈیا، مقامی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے رابطوں کے ذریعے مسلسل کوششیں جاری رکھیں، جس کے نتیجے میں بنگلہ دیش میں حلیمہ کے بیٹے اور بھتیجے کو تلاش کر لیا گیا۔

سیف سٹی ٹیم نے بنگلہ دیش کے مقامی حکام اور اہلِ خانہ سے رابطہ کرکے دستیاب معلومات کی تصدیق بھی کی، جس کے بعد خاندان تک رسائی ممکن ہوئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سیف سٹی ‘میرا پیارا’ ٹیم 40 سال سے بچھڑی بنگلہ دیشی خاتون کوہ نور کے اہلِ خانہ کو تلاش کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے۔

ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق ‘میرا پیارا’ ٹیم سرحدوں سے بالاتر ہو کر بچھڑے افراد کو ان کے پیاروں سے ملانے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ حلیمہ کے اہلِ خانہ کی تلاش انسانی خدمت اور ادارے کی مسلسل کاوشوں کی ایک اور نمایاں کامیابی ہے۔

ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی گمشدہ یا لاوارث شخص کی اطلاع دینے کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کریں اور آپشن 3 دبائیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے