ساہیوال (پنجاب پوسٹ) ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑی حذیفہ ارشد نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ انہوں نے مسلسل دوسری مرتبہ ساؤتھ ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے مبارکباد پیش کی۔
واضح رہے کہ ڈھاکا میں منعقدہ چیمپئن شپ میں سات ممالک کے چار ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے مختلف مقابلوں میں شرکت کی، جہاں حذیفہ ارشد نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا پرچم سربلند کیا۔
کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے حذیفہ ارشد کو شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے والد کو بھی بیٹے کی نمایاں کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے باصلاحیت نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ اور پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی کامیابیاں نہ صرف ساہیوال بلکہ پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
کمشنر ساہیوال نے حذیفہ ارشد کو گولڈ میڈل پہنایا، ان کی حوصلہ افزائی کی اور مستقبل میں بھی اسی جذبے، محنت اور لگن کے ساتھ کھیلوں کے میدان میں کامیابیاں سمیٹنے کی تلقین کی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حذیفہ ارشد آئندہ بھی بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر کے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم مزید سربلند کریں گے۔
اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے حذیفہ ارشد کی شاندار کامیابی کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے باعثِ فخر اور قابلِ تقلید بھی قرار دیا۔












