پنجاب یونیورسٹی اور چین کی ووہان یونیورسٹی پاکستان میں ہائبرڈ چاول کی تیاری کیسے کریں گی؟ بڑا معاہدہ ہوگیا

لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب یونیورسٹی اور چین کی ووہان یونیورسٹی کے درمیان ہائبرڈ رائس ریسرچ سینٹر کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔ معاہدے کے تحت دونوں جامعات موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہائبرڈ چاول کی نئی اقسام کی تیاری، زرعی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گی۔

جامعہ پنجاب کے مطابق مشترکہ ریسرچ سینٹر ہائبرڈ چاول کی پیداوار میں اضافے، موسمیاتی مزاحمت، غذائی تحفظ اور پائیدار زرعی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ اس منصوبے سے پاکستان اور چین کے درمیان زرعی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے تعاون کو بھی مزید وسعت ملے گی۔

وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کے زرعی شعبے کے لیے ایک انقلابی پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جامعات قومی، صنعتی اور معاشی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں اور بین الاقوامی تحقیقی تعاون سے ملک کے زرعی شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے میں مدد ملے گی۔

معاہدے کے تحت طلبہ اور اساتذہ کے تبادلے، جدید زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کو فروغ دیا جائے گا۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت پاکستان اور چین کے زرعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ غذائی تحفظ، بہتر غذائیت اور پانی و توانائی کے پائیدار استعمال کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

تقریب میں پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر تہمینہ انجم، پراجیکٹ ڈائریکٹر و چیئرمین شعبہ پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس پروفیسر ڈاکٹر محمد اشفاق، ریسرچ سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کلاسرا اور ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر یامینہ سلمان شریک ہوئیں، جبکہ چینی وفد کی قیادت ووہان یونیورسٹی کے صدر پروفیسر یوآن یوفینگ نے کی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے