پنجاب: مون سون بارشوں کا چوتھا سپیل، کس دریا میں کتنا پانی؟ کن علاقوں میں سیلاب کا خطرہ موجود ہے؟ پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا


لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب میں حالیہ بارشوں کے بعد بیشتر دریاؤں میں سیلابی صورتحال معمول پر آ گئی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں تمام بیراجز اور ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، جبکہ دریائے سندھ میں صرف کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کی آمد 3 لاکھ 31 ہزار کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 23 ہزار کیوسک ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی صورتحال نارمل ہے۔ تاہم نالہ ایک اور بئیں میں نچلے درجے جبکہ وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب موجود ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث بالائی کیچمنٹ ایریاز میں بارشیں مشرقی دریاؤں اور ملحقہ نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا سبب بن سکتی ہیں۔

ڈی جی سیف انور جپہ نے خبردار کیا ہے کہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ، جبکہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈی جی سیف انور جپہ نے دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں متاثرین کو رہائش، خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت اور سیروتفریح سے گریز کریں، جبکہ بچوں کو ہرگز پانی میں نہانے نہ دیا جائے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے