فیروزوالہ(پنجاب پوسٹ) پٹھان کالونی میں برساتی نالہ ٹوٹنے سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال چوتھے روز بھی برقرار ہے، جہاں گھروں میں جمع پانی تاحال نہ نکالا جا سکا۔ پانی گھروں میں داخل ہونے کے باعث سو سے زائد خاندان محصور ہو کر رہ گئے ہیں، جبکہ متاثرین حکومت سے فوری امداد اور پانی کے نکاس کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
متاثرہ علاقے میں کئی گھروں میں چھ سے سات فٹ تک پانی کھڑا ہے، جس کے باعث شہری اپنے گھروں اور قیمتی سامان سے محروم ہو چکے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی نے ان کی برسوں کی جمع پونجی تباہ کر دی ہے اور وہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو 1122 کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرین کے علاج کے لیے میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے۔ کیمپ میں موجود ڈاکٹروں کے مطابق متاثرہ افراد کو ادویات، طبی معائنے اور ضروری ٹیسٹوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ادھر مختلف فلاحی تنظیمیں بھی متاثرین کی مدد میں پیش پیش ہیں۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے شعبہ خدمت خلق کی جانب سے کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن، پکا ہوا کھانا، پینے کا صاف پانی اور دیگر ضروری اشیائے خورونوش متاثرہ خاندانوں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔
متاثرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹھان کالونی سے فوری طور پر پانی کے نکاس کو یقینی بنایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کی مالی و عملی امداد کی جائے تاکہ وہ دوبارہ معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔













