وہاڑی(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صوبہ بھر میں سڑکوں، بازاروں اور عوامی گزرگاہوں سے ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے واضح احکامات کے باوجود مبینہ طور پر سڑک کے درمیان غیر قانونی بیریئر اور خود ساختہ پھاٹک نصب کرکے عوامی راستے کو محدود کر دیا گیا، جبکہ اس کے آگے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کا مبینہ غیر قانونی اسٹینڈ بھی قائم کر لیا گیا ہے۔ پیرا فورس اور متعلقہ ٹریفک حکام کی مبینہ چشم پوشی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد بھی سوالیہ نشان بن گیا ہے۔
وہاڑی (ڈسٹرکٹ کرائم رپورٹر رانا عمران ٹھاکر سے) ذرائع کے مطابق شہر میں قائم اس خود ساختہ بیریئر اور پھاٹک کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور شہریوں کو روزانہ آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ پیرا فورس اور متعلقہ ٹریفک آفیسر کی جانب سے مبینہ طور پر موقع کا معائنہ کیے جانے کے باوجود تاحال غیر قانونی رکاوٹ کو ختم نہیں کروایا جا سکا، جس پر شہری حلقوں نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی اور ذمہ داری پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عوامی سڑک پر اس قسم کی غیر قانونی رکاوٹ کسی بھی وقت بڑے حادثے یا ہنگامی صورتحال کا سبب بن سکتی ہے۔ خصوصاً ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہونے سے قیمتی انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر عوامی گزرگاہ پر بیریئر اور پھاٹک نصب کرنے کی اجازت کس نے دی اور کس قانون کے تحت سرکاری سڑک کو ذاتی استعمال میں لایا جا رہا ہے؟
عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر ملتان، ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے غیر قانونی بیریئر اور خود ساختہ پھاٹک ختم کروایا جائے، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے مبینہ غیر قانونی اسٹینڈ کا خاتمہ کیا جائے اور سڑک کو مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بحال کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا اہل اٹک کیلئے تاریخی ترقیاتی پیکج
شہریوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف انکوائری کرائی جائے اور اگر متعلقہ اہلکاروں کی غفلت، لاپروائی یا چشم پوشی ثابت ہو تو ان کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ قانون کی بالادستی یقینی بنائی جا سکے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے تجاوزات کے خاتمے کے احکامات پر بلاامتیاز عملدرآمد ہو۔













