گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں رات بھر موسلادھار بارش، 104 ملی میٹر بارش ریکارڈ، انتظامیہ اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ

گوجرانوالہ(پنجاب پوسٹ)اور وزیرآباد میں رات گئے سے وقفے وقفے سے ہونے والی موسلادھار بارش نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کر دیا۔ گوجرانوالہ میں چند گھنٹوں کے دوران 104 ملی میٹر جبکہ وزیرآباد میں 28 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق واسا، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے رات بھر فیلڈ میں موجود رہے اور نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کے مطابق گوجرانوالہ میں رات 2 بج کر 25 منٹ سے صبح 4 بج کر 40 منٹ تک 104 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو مختصر وقت میں ہونے والی شدید بارشوں میں شمار کی جا رہی ہے۔ بارش کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں سڑکوں اور نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں، تاہم ضلعی انتظامیہ نے فوری اقدامات کرتے ہوئے نکاسی آب کا عمل تیز کر دیا۔وزیرآباد میں بھی رات 2 بجے سے صبح 5 بج کر 35 منٹ تک 28 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے بعد شہری علاقوں میں پانی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی گئی تاکہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی نقل و حرکت میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ واسا کی ٹیمیں رات گئے سے ہی گوجرانوالہ اور وزیرآباد میں متحرک ہیں اور مختلف مقامات پر جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کے لیے ہیوی مشینری اور پمپنگ آلات استعمال کیے جا رہے ہیں۔ واسا کے عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام حساس اور نشیبی علاقوں میں پانی کی سطح پر مسلسل نظر رکھی جائے اور نکاسی آب کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ "ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت صفائی کا عملہ، میونسپل کمیٹیز، ضلع کونسل، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے بھی مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں۔ تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ بارش کے باعث پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔ انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں صورتحال پر مسلسل نگرانی جاری ہے اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے