چنیوٹ (پنجاب پوسٹ) ڈی ایچ کیو ہسپتال چنیوٹ میں عملے کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جواب ملنے پر لائی گئی حاملہ خاتون نے سڑک پر ہی بچے کو جنم دے دیا۔
لواحقین کے مطابق وہ حاملہ خاتون کو ڈلیوری کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال لے کر آئے تھے، تاہم وہاں موجود طبی عملے نے یہ کہہ کر خاتون کو داخل کرنے سے انکار کر دیا کہ "ابھی ڈلیوری میں وقت ہے اور یہ ممکن نہیں ہو سکتی۔
یہ بھی پڑھیں؛کروڑوں کے بجٹ سے تعمیر اوکاڑہ ہسپتال کی چھت ٹپکنے لگی، ایمرجنسی وارڈ پانی میں ڈوب گیا
ہسپتال انتظامیہ کے انکار پر جب مایوس لواحقین خاتون کو واپس لے جانے کے لیے باہر نکلے، تو ہسپتال کے قریب سڑک پر ہی خاتون کی حالت بگڑ گئی اور اس نے کھلے عام سڑک پر بچے کو جنم دے دیا۔
واقعے کی خبر پھیلتے ہی ہسپتال ذرائع کا موقف سامنے آیا جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ "نوزائیدہ بچے اور ماں دونوں کی حالت اب بہتر اور خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب، معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈی ایچ کیو ہسپتال نے واقعے کی فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ ایم ایس کا کہنا ہے کہ ذمہ دار عملے کے خلاف سخت قانونی و انتظامی کارروائی کی جائے گی۔










