لاہور(پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیرِ صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات راجہ جہانگیر انور، ایڈیشنل سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی، جبکہ فیلڈ فارمیشنز کے افسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں محکمہ میں اصلاحات کے سلسلے میں اہم فیصلے کیے گئے، جن کے تحت محکمہ میں "روڈ کنسٹرکٹر” سے "روڈ کسٹوڈین” کلچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اب سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ان کی مستقل حفاظت، دیکھ بھال اور مؤثر مانیٹرنگ بھی محکمانہ ذمہ داری ہوگی۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ ہر سب ڈویژنل آفیسر (SDO) اور سب انجینئر کو مخصوص سڑکیں تفویض کی جائیں گی، جن کی مکمل ذمہ داری متعلقہ افسران پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گڑھوں کی فوری مرمت، روڈ شولڈرز کی بحالی اور سڑکوں کی باقاعدہ نگرانی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: بارشوں کے نئے خطرات، پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، کیا اربن فلڈنگ پر قابو پایا جا سکے گا؟
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے علاوہ خصوصی معائنہ ٹیمیں بھی مختلف سڑکوں کا جائزہ لیں گی، خراب سڑکوں کی تصاویر اور رپورٹس مرتب کر کے پیش کریں گی تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں کی پائیداری اور معیاری دیکھ بھال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غفلت یا ناقص کارکردگی پر متعلقہ فیلڈ افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق روڈ انفراسٹرکچر کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، جدید مانیٹرنگ سسٹم، احتساب، ذمہ داری اور مستقل نگرانی کے نئے نظام کے ذریعے محکمہ مواصلات و تعمیرات میں مؤثر اصلاحات نافذ کی جائیں گی، جبکہ "روڈ کنسٹرکٹر سے روڈ کسٹوڈین” کا تصور محکمہ میں ایک مثبت ثقافتی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہوگا۔













