بارشوں کے نئے خطرات، پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، کیا اربن فلڈنگ پر قابو پایا جا سکے گا؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، بارشوں کے دوران نکاسی آب کے انتظامات اور "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری شاہد زمان لک اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت پنجاب کے 51 شہروں میں 87 انڈر گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینکس مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ مختلف شہروں میں مزید 17 واٹر اسٹوریج ٹینکس کی تعمیر تقریباً 90 فیصد مکمل ہو چکی ہے۔

ان منصوبوں کا مقصد بارش کے پانی کو محفوظ کرکے اربن فلڈنگ کے خطرات کو کم کرنا اور نکاسی آب کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بارشوں کے پیٹرن میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے، اس لیے غیر یقینی موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران شہری علاقوں کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جن شہروں میں بارشوں کے دوران پانی کا دباؤ زیادہ ہوتا ہے وہاں اضافی واٹر اسٹوریج ٹینکس تعمیر کرنے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روڈ سائیڈ واٹر ٹینکس کی تعمیر سے اربن فلڈنگ میں واضح کمی آئی ہے اور ان منصوبوں کے حوصلہ افزا نتائج کے باعث مزید ٹینکس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذیشان رفیق نے مزید کہا کہ جہاں ڈرینج سسٹم موجود نہیں وہاں واٹر ٹینکس کی ڈی واٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ ٹینکس جلد خالی ہو سکیں اور آئندہ بارشوں کے دوران بارانی پانی کے نکاس میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے نکاسی آب کے لیے اضافی واٹر پمپس، مشینری اور دیگر ضروری وسائل کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے بتایا کہ بارشوں کے نئے اسپیل کے الرٹ کے پیش نظر تمام جاری کھدائی کے کام فوری طور پر روک دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوام کی حفاظت کے لیے سیفٹی اور سکیورٹی کے مؤثر انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے