لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں آج سے مون سون بارشوں کے چوتھے اسپیل کا آغاز ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 5 اگست تک جاری رہے گا، جس کے دوران لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ بالائی کیچمنٹ ایریاز میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں سیلابی صورتحال، فلڈ ریلیف کیمپس قائم، شہریوں کو احتیاط کی تلقین
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر میلہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش نہ رکھیں، آسمانی بجلی اور بجلی کی تاروں سے دور رہیں، بچوں کو نشیبی علاقوں میں نہ جانے دیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔











