لاہور (پنجاب پوسٹ) نصیر آباد میں خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے شہریوں کو گمراہ کرنے والے دو نوسرباز گرفتار کرلیے گئے۔ پولیس کے مطابق گوپال نگر مین بازار میں دو افراد خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے گھوم رہے تھے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق دونوں ملزمان سفید شلوار قمیض اور پولیس کیپ پہنے شہریوں کو گمراہ کر رہے تھے۔ نصیر آباد پولیس نے ملزمان سے شناخت طلب کی تو دونوں سرکاری ملازم ہونے کا کوئی ثبوت پیش نہ کرسکے۔
پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کی شناخت محمد آصف اور عبدالماجد کے نام سے ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بورےوالا تھانہ ماڈل ٹاؤن پولیس کی کارروائی ،چار رکنی موٹرسائیکل چور گینگ گرفتار
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے اور پولیس کیپ کے غیر قانونی استعمال پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ نصیر آباد پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف دفعات 170 اور 171 ت پ کے تحت قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پولیس کی شناخت یا وردی کا سہارا لے کر شہریوں کو دھوکہ دینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ پولیس اہلکار بن کر قانون کا رعب جمانے والے جیل جائیں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی مشکوک شخص کے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے کی صورت میں اس کی شناخت کی تصدیق ضرور کریں۔












