لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور کے علاقے ٹبی سٹی میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دھوکہ دہی اور چوری کے مقدمے میں مطلوب ایک شاطر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم چاہے کتنا ہی چالاک کیوں نہ ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔
ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ملزم حمزہ نے انتہائی ہوشیاری سے مریدکے سے 1 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کے 12 توڑے چاول غلط ایڈریس پر منگوائے۔ ملزم نے کسی اور کی نان شاپ کو اپنا ظاہر کرتے ہوئے 6 توڑے وہاں اتروائے جبکہ باقی مال بھاٹی چوک پہنچانے کی ہدایت دی۔
مدعی مقدمہ نان شاپ پر 6 توڑے اتار کر رقم وصول کرنے کے بعد باقی آرڈر دینے کے لیے بھاٹی چوک پہنچا، تاہم اس دوران ملزم نان شاپ مالک کو بھی دھوکے میں رکھ کر چاول کے توڑے لے کر فرار ہو گیا۔
واقعے کا مقدمہ درج کر کے ایس ایچ او ٹبی سٹی کی سربراہی میں ملزم کی تلاش شروع کی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے رکشے تبدیل کرتا اور مختلف راستے اختیار کرتا رہا، تاہم سیف سٹی کیمروں کی مدد سے اسے ٹریس کر لیا گیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم حمزہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے مسروقہ مال برآمد کر لیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایس پی سٹی عاطف امیر نے شاطر ملزم کی گرفتاری اور سو فیصد ریکوری پر ایس ایچ او ٹبی سٹی اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔













