لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور کے علاقے گلبرگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری عبداللہ طاہر جاں بحق ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنی رہائش گاہ سے ڈاکٹر کے پاس چیک اپ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راستے میں دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں چوہدری عبداللہ طاہر شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں:مسلح افواج پر بے بنیاد الزامات، نورین نیازی کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج
ذرائع کے مطابق چوہدری عبداللہ طاہر اوکاڑہ سے پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لیتے رہے ہیں اور مقامی سیاست میں ایک فعال کردار رکھتے تھے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔













