لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں جدید پولیسنگ اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے تحت جرائم کی روک تھام کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر شہر بھر میں 20 خصوصی "غیر متحرک پوائنٹس” قائم کیے گئے ہیں جہاں ڈولفن اسکواڈ اور پی آر یو کی 20 ٹیمیں دو شفٹوں میں تعینات ہیں۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق ان پوائنٹس پر سیف سٹی کیمرہ کالز اور الرٹس کی بنیاد پر کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں، جن کے نتیجے میں مختلف کرائم ہیڈز میں مطلوب 8 گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں۔ برآمد ہونے والی گاڑیوں میں 2 فیک نمبر پلیٹ، 1 چوری شدہ، 2 ٹمپرڈ اور 1 بلیک لسٹ گاڑی شامل ہے، جبکہ 2 گاڑیوں کو ضروری تصدیق کے بعد موقع پر ہی ریلیز کر دیا گیا۔
ایس پی ڈولفن بلال احمد کا کہنا ہے کہ ڈولفن اسکواڈ اور پی آر یو ٹیموں کی بروقت کارروائیوں سے جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق شہر کے مختلف حساس مقامات پر 20 سے زائد ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جو کیمرہ کالز اور الرٹس پر فوری ردعمل دے رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ون ویلنگ ناقابل برداشت، لاہور پولیس متحرک — سینکڑوں گرفتار، مقدمات درج؎
انہوں نے مزید کہا کہ جدید سرویلنس سسٹم اور فیلڈ فورس کے اشتراک سے جرائم کی روک تھام میں نمایاں پیش رفت سامنے آ رہی ہے، جبکہ اس حکمت عملی کے تحت مشتبہ، بلیک لسٹ، مقدمات میں مطلوب اور چوری شدہ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی گئی ہیں۔
برآمد ہونے والی گاڑیوں کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں نواب ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن اور فیصل ٹاؤن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق سیف سٹی اور لاہور پولیس کی مشترکہ حکمت عملی شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں مؤثر ثابت ہو رہی ہے اور کیمرہ الرٹس پر فوری ایکشن سے جرائم میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔












