لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور پولیس نے شہر بھر میں ون ویلنگ اور خطرناک ریسنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں مزید تیزی پیدا کر دی ہے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں ماہ کے دوران ون ویلنگ کے خلاف کارروائیوں میں 104 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ون ویلنگ اور خطرناک اسٹنٹس میں ملوث 94 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک مجموعی طور پر 872 ون ویلرز کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور 920 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پولیس اس غیر قانونی اور خطرناک رجحان کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ون ویلنگ اور ریسنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے نوجوانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاہراہوں کو ریسنگ ٹریک بنانے سے گریز کریں اور اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی مہذب قوموں کا شعار ہے، لہٰذا شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور اگر کہیں ون ویلنگ یا خطرناک ریسنگ ہو رہی ہو تو فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔
لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں قانون شکن عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔













