گوجرانوالہ(پنجاب پوسٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گوجرانوالہ میں مضرِ صحت آئل کی سپلائی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 800 لیٹر فیٹ رینڈرنگ آئل ضبط کر لیا اور مقدمہ درج کر دیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایت پر ڈائریکٹر آپریشنز آصف اقبال کی نگرانی میں شیخوپورہ موڑ کے قریب کارروائی کی گئی، جہاں لوڈر رکشہ نمبر BAV-9852 پر سپلائی کیے جانے والے فیٹ رینڈرنگ آئل کو قبضے میں لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران آئل کی جانچ پڑتال کی گئی جبکہ سپلائر کی جانب سے آئل کی سپلائی سے متعلق لازمی ریکارڈ بھی فراہم نہیں کیا جا سکا، جس پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ضبط شدہ آئل سے بھاری مقدار میں ناقص اور مضرِ صحت کوکنگ آئل اور گھی تیار کیے جانے کا خدشہ تھا۔ حکام کے مطابق آلائشوں سے تیار ہونے والا فیٹ رینڈرنگ آئل صرف بائیو ڈیزل یا صابن سازی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، جبکہ اسے کھانے کے آئل میں تبدیل کرنا سنگین جرم ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ جعل ساز مافیا کے نت نئے ہتھکنڈوں کو ناکام بنایا جا رہا ہے اور عوام سے اپیل کی کہ خوراک میں ملاوٹ یا جعلسازی سے متعلق کسی بھی اطلاع کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر فوری رابطہ کریں۔













