سیالکوٹ ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سیالکوٹ میں جعلی کاربونیٹڈ بیوریجز (کولڈ ڈرنکس) فروخت کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے معروف برانڈز کے نام پر فروخت کی جانے والی 2 ہزار 463 لیٹر جعلی مشروبات ضبط کر لیں، جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی اور ویجیلنس ٹیموں نے پسرور میں خفیہ اطلاع اور طویل ریکی کے بعد کارروائی کی۔ اس دوران سبز منڈی میں واقع ایک ٹریڈر شاپ کے مالک کو جعلی کاربونیٹڈ بیوریجز فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔
کارروائی کے دوران گودام میں موجود جعلی مشروبات قبضے میں لے لیے گئے اور مالک کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ اسی طرح محلہ تاج پورہ میں واقع ایک اور ٹریڈر شاپ سے بھی معروف برانڈز سے مشابہت رکھنے والی جعلی کاربونیٹڈ بیوریجز برآمد ہوئیں۔
ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والی مشروبات کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ ان کے معیار اور محفوظ ہونے کا جائزہ لیا جا سکے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوڈ فراڈ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔













