لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ (پی آر یو) کی ماہ اکتوبر کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد کے مطابق ڈولفن سکواڈ نے مختلف کارروائیوں کے دوران 62 اشتہاریوں، 209 عادی ملزمان، 17 عدالتی مفروران اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث 365 ملزمان سمیت مجموعی طور پر 591 ملزمان کو گرفتار کیا۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈولفن اور پی آر یو نے مختلف نوعیت کی کالز پر شہریوں کو ریسکیو کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر مختلف کالز کے ریسپانس ٹائم کا جائزہ بھی لیا گیا، جس کے مطابق اوسط ریسپانس ٹائم 5 سے 7 منٹ ریکارڈ کیا گیا۔ ڈولفن سکواڈ نے ماہ اکتوبر میں تین خطرناک ڈکیت گینگز بھی گرفتار کیے۔
ایس پی ڈولفن بلال احمد کے مطابق ناجائز اسلحے کے خلاف کارروائیوں کے دوران تین پستول، دو رائفلیں، گولیاں اور میگزینز برآمد کیے گئے، جبکہ منشیات فروشوں کے قبضے سے 35 بوتلیں شراب، آئس اور چرس برآمد کی گئی۔ پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن میں سات ملزمان گرفتار کر کے مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق 15 کی کالز پر ریسپانس کرتے ہوئے سات نوسربازوں اور چوروں کو بھی گرفتار کیا گیا۔ سٹاپ اینڈ سرچ مہم کے دوران 8 لاکھ 64 ہزار 838 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں جبکہ 8 لاکھ 77 ہزار 955 افراد کو چیک کیا گیا۔ جعلی نمبر پلیٹس اور چوری شدہ موٹر سائیکلوں و گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں۔
ڈولفن اور پی آر یو نے ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 32 ون ویلرز کو گرفتار کیا، جبکہ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت مختلف شعبوں میں 117 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا۔
ایس پی ڈولفن بلال احمد کا کہنا ہے کہ ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرگرم عمل ہیں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔










