لاہور (پنجاب پوسٹ) گزشتہ دنوں پنجاب پوسٹ کی جانب سے یونین کونسل روڈ پر گٹروں کے ڈھکن غائب ہونے کی خبر نشر کیے جانے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ رائے بابر علی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اپنی ٹیم کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور فوری احکامات جاری کیے۔
اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ رائے بابر علی کی خصوصی ہدایات اور ذاتی نگرانی میں مانگا منڈی کے مختلف علاقوں میں عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے گٹروں پر ڈھکن لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ جہاں جہاں گٹروں کے ڈھکن موجود نہیں تھے وہاں نئے ڈھکن نصب کیے جا رہے ہیں، جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت سیفٹی جالیاں بھی لگائی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف حادثات کی روک تھام ممکن ہوگی بلکہ عوام کو محفوظ ماحول بھی میسر آئے گا۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ رائے بابر علی کی کاوشوں کو عوامی مفاد میں اہم قدم قرار دیتے ہوئے پنجاب پوسٹ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ خبر سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے فوری کارروائی عمل میں لائی۔













