ضلع شیخوپورہ کی تحصیل مرید کے اور فیروزوالہ میں گزرنے والے برساتی نالوں ڈیک اور بھیڈ کے اوور فلو ہونے اور شدید مون سون بارشوں سے متعدد دیہات و شہری علاقے زیر آب آگئے۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رانا اعجاز احمد کی نگرانی میں ریسکیو 1122 شیخوپورہ نے فوراً متاثرہ علاقوں سے پھنسے افراد کی محفوظ مقامات تک منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے ریسکیو ریلیف آپریشن کا آغاز کیا۔
کمشنر لاہور نے بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا عدیل تصور، اسٹنٹ کمشنر مرید کے بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رانا اعجاز احمد نے ریسکیو ریلیف آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں:’’گدلا پانی ،گھپ اندھیرا‘‘ریسکیو 1122 نے سیلاب میں بہتی گائیں کیسے تلاش کیں؟
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر شیخوپورہ کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری ریسپانس کے لئے 12 ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں جن میں 59 ریسکیورز کے ساتھ 31 ریسکیو اسکاؤٹس بھی موجود ہیں اور 9 کشتیوں کی مدد سے اب تک 70 لوگوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور 6 جانوروں کو بھی منتقل کیا۔
ریسکیو شیخوپورہ نے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کے گھروں سے ضروری اشیاء کی فراہمی کے لیے 286 افراد کو ریسکیو بوٹ ٹرانسپورٹیشن بھی فراہم کی گئی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کا کہنا تھا کہ ریسکیورز 24/7 سیلاب سے متاثرہ اپنے بھائیوں کی خدمت کے لیے موجود ہیں اور کسی بھی ایسی صورت حال میں ہیلپ لائن 1122 پر کال کر کے اطلاع دیں۔













